بنگلورو،13 /جولائی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)کرناٹک میں جاری سیاسی بحران کے درمیان کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ بی جے پی پیسے کے دم پر حکومت گرا رہی ہے۔ ہتک عزت کے ایک معاملے میں احمد آباد کی عدالت میں پیشی کے بعد راہل نے کہاکہ بی جے پی ریاستی حکومت کو گرانے کے لئے پیسے کا استعمال کر رہی ہے۔ ہم نے شمال مشرقی ریاستوں میں بھی ایسا دیکھا ہے۔انہوں نے ہتک عزت کیس کو لے کر کہا کہ دبانے کی کوشش ہے، میں نہیں ڈرتا ہوں، میں کھڑا رہوں گا، لڑ تا رہوں گا۔ آئین کی جنگ ہے، ملک اور بدعنوانی کے خلاف جنگ ہے اور یہ چلے گی۔ واضح ہو کہ کرناٹک میں ایک ہفتے سے زیادہ وقت سے سیاسی بحران کی صورتحال بنی ہوئی ہے۔ صوبے میں حکمران کانگریس اور جے ڈی ایس کے 16 ممبر اسمبلی استعفیٰ دے چکے ہیں،وہیں دو دیگر آزاد ممبران اسمبلی نے بھی حکومت سے حمایت واپس لے لی ہے۔ یعنی کل 18 ممبران اسمبلی نے کمارسوامی حکومت سے خود کو الگ کرلیا ہے۔اگرچہ کرناٹک اسمبلی کے اسپیکر نے ممبران اسمبلی کا استعفیٰ قبول نہیں کیا ہے، یہ معاملہ اب سپریم کورٹ میں ہے۔ عدالت نے آج کہا کہ منگل تک اسپیکر باغی ممبران اسمبلی کو لے کر کوئی فیصلہ نہ لے۔ بنگلور میں وزیر اعلی کمار سوامی نے کہا کہ وہ کرناٹک اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنے کے لئے تیار ہیں، اسمبلی اسپیکر وقت بتائیں۔ اس دوران بی جے پی اور جے ڈی ایس نے اپنے اپنے ممبران اسمبلی کو بنگلور کے الگ الگ ہوٹل میں شفٹ کر دیا ہے، وہیں باغی ممبر اسمبلی ممبئی کے ہوٹل میں ٹھہرے ہیں۔